لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں سابق صوبائی جنرل سیکرٹری عزیزالرحمان چن اور وزیراعظم کے مشیر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی پر قابو پانا پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کراچی میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہئے۔ تینوں اتحادیوں کے مفادات میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عزیزالرحمان چن نے کہا صوبائی حکومت میں شامل تینوں جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی پر قابو پائیں۔ تینوں اتحادی جماعتوں کا مفاد بھی اس میں ہے۔ اسلم گل نے کہا کراچی میں دہشت گرد چھپ کر وار کر رہے ہیں۔ ان سے نبٹنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ رینجرز اور پولیس پوری کوشش کر رہی ہے مگر بدقسمتی سے دہشت گردوں کو ”پشت پناہی“ حاصل ہے۔
کراچی میں دہشت گردی پر قابو پیپلز پارٹی، متحدہ، اے این پی کی ذمہ داری ہے:رہنما پیپلز پارٹی
Dec 27, 2012