سی این جی کی قیمتوں پر کمیٹی کا دوسرا اجلاس بھی بے نتیجہ مشیر پٹرولیم صرف پانچ منٹ موجود رہے

Dec 27, 2012


اسلام آباد (آئی این پی) سی این جی کی قیمتوں کے تعین کیلئے وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی خصوصی کمیٹی کا دوسرا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہو گیا‘ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اجلاس میں شریک تو ہوئے لیکن کارروائی شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد مصروفیات کا بہانہ کرکے چلے گئے‘ سی این جی ایسوسی ایشن کا قیمت 86 روپے فی کلو گرام مقرر کرنے کا مطالبہ ، وزارت پٹرولیم اور اوگرا نے مسترد کردیا۔ اجلاس کے بعد فاروق نائیک نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز نے تجاویز اور قیمتوں کا فارمولا پیش کردیا جس پر 30 دسمبر کو سب کمیٹی غور کرے گی۔ ریجن ون اور ٹو کیلئے سی این جی کی قیمتوں کا فیصلہ کرے گی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سب کمیٹی کے فیصلے پر اس سے اگلے اجلاس میں سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ سب کمیٹی نے سی این جی پر عائد سیلز ٹیکس‘ سرمایہ کاری اور آپریشنل کاسٹ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی این جی کی قیمتوں کا ایسا فیصلہ کیا جائے گا جس کے اوپر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ اجلاس میں سی این جی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اوگرا فرانزک آڈیٹرز کی متعین کردہ قیمت میں ڈیزل کا خرچہ 3روپے فی کلو گرام شامل کرکے نئی قیمت 86 روپے فی کلو گرام مقرر کی جائے۔ جبکہ چیئرمین اوگرا سعید احمد اور سیکرٹری پٹرولیم وقار مسعود نے مذکورہ تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا پہلے ہی آڈیٹرز کی رپورٹ مسترد کرچکی ہے کیونکہ آڈیٹرز نے صرف چند سی این جی سٹیشنوں کا معائنہ کرکے زمینی حقائق کے برعکس رپورٹ تیار کی تھی جبکہ 99 فیصد سے زائد سی این جی سٹیشن سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے قواعد و ضوابط اور مزدور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں لہذا انہیں عوام کو لوٹنے کی کھلی چھٹی نہیں دے سکتے۔ کنزیومر رائٹس کمشن کی سربراہ ہما صدیقی نے کہا کہ سی این جی مالکان کا فی کلو گرام سی این جی پر 5.46 روپے خرچہ آتا ہے جبکہ سی این جی مالکان دوہرے خرچے وصول کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت بھی سی این جی پر بعض دوہرے ٹیکس وصول کررہی ہے ایسوسی ا یشن کے صدر ملک خدا بخش نے کہا کہ اگر اوگرا آڈیٹرز کے قیمتوں کے فارمولے میں ڈیزل کا خرچہ شامل کرلیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا سی این جی مالکان کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے جبکہ غیاث پراچہ نے کہا کہ وزیر قانون نے ان کے موقف کو تحمل سے سنا۔ 30 دسمبر تک مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے اور 30دسمبر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو عوام کے ساتھ مل کر احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز / خبر نگار) اوگرا نے سی این جی کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کی خصوصی کمیٹی کو تین فارمولے ارسال کر دئیے ہیں۔ اگر سی این جی کی قیمت پٹرول کے ساتھ منسلک کی گئی تو پٹرول کے ساتھ 60 فیصد تناسب پر قیمت میں 29 روپے فی کلوگرام، 65 فیصد پٹرول تناسب پر 44 روپے اور 80 فیصد پٹرول تناسب پر قیمت 59 روپے فی کلوگرام اضافہ ہو جائے گا۔ 60 فیصد تناسب پر سی این جی کی موجودہ قیمت 61 روپے 64 پیسے فی کلوگرام سے بڑھ کر 92.48 روپے فی کلوگرام ہو جائے گی جبکہ 65 فیصد تناسب پر قیمت 108 روپے اور 80 فیصد تناسب پر قیمت 121 روپے فی کلوگرام تک پہنچ جائے گی۔

مزیدخبریں