کابل (اے پی پی) مشرقی افغانستان میں امریکی فوجی اڈے پر خود کش کار بم حملے میں تین افغان شہری ہلاک اورسات زخمی ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار صوبہ خوست میں واقع امریکی فوجی اڈے کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے نتیجہ میں دھماکہ سے تین افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب افغانستان میں تعینات اےسافکے ترجمان نے اس واقعے کے حوالے سے زیادہ تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ اس حملے میں کسی غیر ملکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے حوالے سے اطلاعات نہیں۔دریں اثناءآن لائن کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ان لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو فوجی بیس میں امریکیوں کیلئے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔