اورکزئی + لاہور (آن لائن+ خصوصی نامہ نگار) اورکزئی ایجنسی کے سرہ میلہ کے مقام پر مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے دو خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق‘ 8 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لوئر تحصیل کے علاقہ سرہ میلہ کو کلایہ سے جانے والی پک اپ پشاور جا رہی تھی سرہ میلہ کے مقام پر خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔ مسافروں میں دو خواتین مسماۃ (ر) اور مسماۃ (س) سمیت 12 افراد لیاقت حسین‘ جمشید علی، اصلت علی‘ محمد ایاز، عبدالرئوف افغان مہاجر‘ قمبر علی‘ ایات حسین، غلام حسین، دو نامعلوم افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں میں محبوب علی‘ قاسم علی اور دیگر کے نام معلوم نہ ہو سکے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیوی فورس موقع پر پہنچ گئی۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے بتایا زخمیوں کو فوری طور پر کریز ہسپتال پہنچا دیا گیا مگر تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی بنا پر انہیں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لوئر اورکزئی میں کوچ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
لوئر اورکزئی: مسافر کوچ کھائی میں گر گئی، 2 خواتین سمیت 12افراد جاں بحق، 8 زخمی
Dec 27, 2014