پشاور (این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کی اہلیہ مسز عامرہ خٹک نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں سینکڑوں معصوم بچوں کا بیدردی سے قتل انسانیت کی تذلیل ہے جس میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس واقعے نے نہ صرف پوری پاکستانی قوم کو ایک لمبے عرصے کیلئے سوگوار بنا دیا ہے بلکہ دہشت گردی کے اس دلخراش واقعے نے پوری بین الاقوامی برادری کے ضمیر پر بھی گہرا گھائو لگا دیا ہے دنیا کے کسی مذہب یا تہذیب میں ننھے بچوں کے قتل کی اجازت نہیں جبکہ حالیہ واقعے میں تعلیم کیلئے سکول گئے ننھے بچوں کا اتنے بربریت اور وحشیانہ انداز میں خون بہایا گیا جسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں اور اساتذہ کا خون رنگ لائے گا جس کے فوری نتائج دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کی شکل میں سامنے آئے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔