خیبر ایجنسی (آئی این پی+ بی بی سی) پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ جمرود کے علاقے غنڈی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد صدام اور واجد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان طارق گیدڑ گروپ سے تھا۔ کمانڈر صدام سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کا سہولت کار تھا، آپریشن میں کمانڈر کے 6ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا ، گرفتار دہشت گردوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی شہاب علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کی۔ وادی تیراہ کو دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے۔ صدام مختلف حملوں اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث تھا۔کمانڈر صدام سکیورٹی فورسزکے 22اہلکاروں کی شہادت ، سکولوں ، پولیو ٹیموں اور قبائلی رہنماﺅں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ شہاب علی شاہ نے کہا کہ آئی ڈی پیزکو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں ،آئی ڈی پیزکی بحالی سے متعلقہ محکمے مکمل فعال ہیں۔ بی بی سی کے مطابق صدام تحریک طالبان کے طارق گیدڑ کہلانے والے دھڑے کا آپریشنل کمانڈر تھا اس نے چند ماہ قبل خیبر ایجنسی میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا تھا جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کمانڈر صدام