آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی 60 پیسے یونٹ مہنگی‘ گیس کی قیمتیں ہر حال میں بڑھانا ہونگی : وزارت پٹرولیم

Dec 27, 2014

اسلام آباد (راجہ عابد پرویز خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت پانی و بجلی نے آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی کی قیمت میں 60 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے، ایکولائزیشن سرچارج کی مد میں عوام سے ماہانہ 4 سے 6 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔ ایکولائزیشن سرچارج کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے صارفین کے سوا ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اضافی رقم سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے اکاﺅنٹ میں رکھی جائے گی اس اکاﺅنٹ کو ”یونیورسل ایلیگیشن فنڈ“ کا نام دیا گیا ہے۔ رقم سے آئی پی پیز کو ادائیگیاں کی جائیں گی وزارت پانی و بجلی اس سے قبل اکتوبر میں بھی ایکولائزیشن سرچارج کی مد میں 50 پیسے سے 1.50 روپے فی یونٹ بجلی پہلے ہی مہنگی کر چکی ہے، یوں عوام کو مجموعی طور پر سرچارج کی مد میں 2.10 روپے فی یونٹ تک ادا کرنے پڑیں گے۔ دریں اثناءوزارت پانی وبجلی کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ نیپرا کی طرف سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جانے والی 2.97 روپے فی یونٹ کمی میں سے 2.37 روپے صارفین کو منتقل کیا جائے گا جبکہ 60 پیسے فی یونٹ حکومت نے پاور سیکٹر کی مالی ضروریات کے پیش نظر الگ سے سرچارج عائد کیا گیا ہے، مگر اس کا صارفین پر اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری جانب وزارت پٹرولیم نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ گیس کمپنیاں مہنگی گیس گھریلو صارفین کو سستے نرخوں پر فراہم کر رہی ہیں گیس کی قیمتیں ہر حال میں بڑھانا ہوں گی ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم نعیم ملک نے بتایا کہ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن 50 ارب روپے کے خسارے میں ہیں یہ کمپنیاں خود 500 روپے فی ایم ای پی ٹی یو میں گیس خرید کر گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ 212 روپے فی ایم ایم پی ٹی یو میں فروخت کر رہی ہیں ان حالات میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ ضروری ہے کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ پنجاب میں کم گیس پریشر کے مسائل حل کئے جائیں اور کمپریسر لگا کر گیس کھینچنے والوں کا سدباب کیا جائے۔
بجلی گیس مہنگی


مزیدخبریں