لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں 2 مختلف واقعات میں لیسکو کے ایس ڈی او اور2 نوجوانوں کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سکیم موڑ کے قریب موٹرسائیکل سوار2 افراد کی کار پر فائرنگ سے ایس ڈی او لیسکو سرکل ٹو رائے زیاد جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی نعش ہسپتال منتقل کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ 40 سالہ رائے زیاد اتحاد کالونی ڈویژن میں تعینات اور پنڈی بھٹیاں کا رہائشی تھا اور اپنی کار میں ملازم کے ساتھ ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہا تھا۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناء برکی کے علاقے میں خالی پلاٹ میں پڑی 22 سالہ نوجوان کی نعش بھی پولیس نے تحویل میں لیکر مردہ خانے پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی۔ پولیس کے مطابق مقامی افراد سے پوچھ گچھ کے باوجود مقتول کی شناخت معلوم نہ ہو سکی اس نوجوان کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارا۔ پولیس مقدمہ درج کر کے تفتیش کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں مناواں میں موبائل فون چوری کے تنازع پر اسلم اور صابی وغیرہ نے فائرنگ کرکے زمیندار انور کے بیٹے امداد کو قتل کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
لاہور، موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، لیسکو ایس ڈی او جاں بحق، 2 نوجوان قتل
Dec 27, 2014