لاہور + کراچی+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی 7 ویں برسی آج ہفتہ کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی۔ پیپلزپارٹی اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے تمام اضلاع میں تقاریب منعقد کرے گی جبکہ ملک بھر میں قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی اور تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔ شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں منعقد ہوگی جبکہ ان کی جائے شہادت لیاقت باغ راولپنڈی میں بھی تقریب منعقد کی جائے گی۔ سابق صدر آصف زرداری نے بختاور بھٹو اور شیریں کے ہمراہ گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھا کر فاتحہ خوانی کی اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ برسی کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے ہوگا۔ سب سے بڑی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ادھر سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی پہلی مرتبہ پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بغیر منائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آج بینظیر بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت نہیں کرینگے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کا شمالی لندن کے ہسپتال میں معمول کا چیک اپ ہوا۔ بلاول کا ہفتے میں 2 بار طبی معائنہ ہوا۔ لندن میں پیپلزپارٹی کی انتظامیہ نے ہسپتال کا نام اور بیماری بتانے سے انکار کر دیا ہے۔ سیکرٹری بشیر ریاض کے مطابق بلاول کی طبیعت ٹھیک ہے تاہم وہ سکیورٹی خدشات کے باعث تقریب میں نہیں جا رہے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں آج تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ فہیم احمد صدیقی نے نجی ٹی وی کو بتایا اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی خاطر جان دی انکے مفاہمتی عمل کی پالیسی کو جاری رکھیں گے۔ قوم اس وقت عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں سے جنگ کرنے کے لئے پہلے سے زیادہ متحد نظر آرہی ہے۔ بینظیر بھٹو کے ساتویں یوم شہادت کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی واضح طور پر بتا دینا چاہتی ہے کہ ان دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بینظیر برسی