کراچی: فائرنگ اور تشدد کے واقعات، سنی تحریک کے کارکن سمیت 5 جاں بحق

Dec 27, 2014

کراچی(کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ)  شہر قائد میں  جمعہ  کے روز فائرنگ اور تشدد  کے واقعات میں سنی تحریک کے کارکن سمیت 5  افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے جنگل سکول کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے گولیاں مار کر سنی تحریک کے کارکن عبدالقادر شاہ کو ہلاک کر دیا۔ بزنس  روڈ پر حلیم شاپ کے قریب  ڈاکوئوں  کی فائرنگ سے ایک شخص  کمال زخمی  جبکہ اس کی 13 سالہ  بچی سدرہ جاں بحق ہو گئی۔  لوگوں نے دونوں  ڈاکوئوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور رینجرز  کے حوالے کر دیا۔  گلستان جوہر میں  چورنگی  کے قریب فائرنگ سے نامعلوم شخص  شیر شاہ میں جناح  روڈ پر فائرنگ سے  25 سالہ  جمیلہ زوجہ  اکرم جاں بحق ہو گئی۔  موچکو تھانے  کی حدود میں رینجرز سے مقابلے کے دوران لیاری کا گینگسٹر  شکیل ڈاٹ ہلاک ہو گیا جبکہ  رینجرز  نے سہراب گوٹھ  اور گلستان  جوہر میں  سرچ آپریشن کے دوران 9 جرائم پیشہ  افراد کو حراست میں لے لیا۔ لیاری  کے علاقوں کلاکوٹ اور  افشانی گلی میں  پولیس  اور رینجرز  کے مشترکہ آپریشن  کے دوران گینگ وار  کے ملزموں نے بموں سے حملہ کیا تاہم دونوں  بم نہ پھٹ سکے 4  افراد  کو حراست میں لے لیا۔

مزیدخبریں