اسلام اور جہاد کے نام پر مسلمانوں کا خون بہانے والے دین سے لاعلم ہیں: حافظ سعید

Dec 27, 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسلام اور جہاد کے نام پر مسلمانوں کا خون بہانے والے دین کا علم اور شعور نہیں رکھتے، خارجی فتنہ کا شکار لوگ یہودیوں، صلیبیوں و ہندوئوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، میدانوں میں شکست پر مسلمانوں کو آپس میںلڑانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارت، امریکہ اور اسرائیل وطن عزیز پاکستان کے خلاف خوفناک منصوبے بنا رہے ہیں۔ حکمران پاکستان کے دفاع کیلئے قرآن و سنت کی بنیاد پر پالیسیاں ترتیب دیں، جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نبی اکرمﷺ کی متعدد احادیث کے حوالے دیتے ہوئے کہاکہ فتنوں کے دور میں قتل بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔ قتل کرنے والے کو معلوم ہو گا کہ اسے کیوں قتل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی قتل ہونے والے کو معلوم ہو گا کہ اسے کیوں مارا جا رہا ہے؟ اسلامی شریعت کا علم نہ رکھنے والے کم عمر لوگ فتوے لگا کر مسلمانوں کا خون بہائیں گے۔ آج ہم حالات کا جائزہ لیں تونبی اکرمﷺ کی احادیث کی روشنی میں بالکل وہی کیفیت نظر آتی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ آج  جب روس کی طرح امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں شکست کھا چکے ہیں تو ہندو، صلیبی و یہودی متحد ہو کر سازشوں پر اتر آئے ہیں۔ خارجی فتنہ کھڑا کر کے مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے اور جہاد جیسے عظیم عمل کو بدنام کرنے کیلئے فساد برپا کیا جا رہا ہے۔ حکمرانوں و سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی تاریخ کا مطالعہ کریں اور دشمنان اسلام کی سازشوں کو صحیح معنوں میں سمجھ کر ان کا توڑ کرنے کی کوشش کریں۔

مزیدخبریں