اسلام آباد(آن لائن) فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے قانونی مشاورت میں اٹارنی جنرل سلمان بٹ کی شرکت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ ایک رٹ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالت اٹارنی جنرل سے استفسار کرے کہ آیا اس کے پاس آئینی ترمیم بارے وفاقی حکومت کا کوئی حکم نامہ موجود ہے۔؟ درخواست گزار شاہد اورکزئی نے کہا کہ تحریری حکم نامہ پیش کئے جانے پر وہ اپنی پٹیشن واپس لے لیں گے بصورت دیگر عدالت قرار دے کہ آئین کا آرٹیکل 57 اٹارنی جنرل کو آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس کی شرکت کا حق تحریر کا نہیں بلکہ فقط تقرر کا ہے۔ اس ضمن میں ہائیکورٹ سے حکم امتناعی بھی طلب کیا گیا ہے۔