لندن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور آئی ایس آئی کے چیف جنرل رضوان اختر سے اپیل کی ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوںکی لوٹ مار اور کرپشن کی لعنت کی روک تھام کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔ رابطہ کمیٹی ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اختر اور پاک فوج کی قیادت ملک کو بچانے کیلئے مذہبی انتہا پسند دہشت گردوں کے خلاف جرات وہمت اور بہادری کے ساتھ جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ اگر وہ پاکستان خصوصاً کراچی میں قیمتی سرکاری زمینوں کی کوڑیوں کے دام خریدوفروخت اور کرپشن کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کریں تویہ ملک پر احسان ہوگا کیونکہ جس طرح مذہبی انتہا پسند عناصر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں اسی طرح کرپشن کی لعنت بھی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوں کو کوڑیوں کے دام خریدنے اور بیچنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت سے سخت اقدامات کئے جائیں چاہے وہ کسی بھی منصب پر فائز ہوں اورکتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔