کراچی: پولیس مقابلہ میں گینگسٹر ہلاک، لڑکی قتل نوجوان نے خودکشی کر لی، 6 بھتہ خور ٹارگٹ کلر گرفتار

Dec 27, 2015

کراچی (نمائندہ نوائے وقت)کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ شاہ فیصل ناتھا خان کے قریب پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم راشد عرف کباڑی منشیات فروشی میں ملوث تھا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔ ادھر ناصر جمپ کے قریب 17 سال کی لڑکی خدیجہ کو فائرنگ کرکے اسکے والد نے مار دیا۔ وجہ چال چلن درست نہ ہونا بتائی گئی ہے۔ دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری سے گھر میں پھندا لگی نعش برآمد ہوئی۔ 21 سالہ لڑکے کے بھائی کے مطابق عادل لاہور جانے کی ضد کر رہا تھا اور 15 ہزار روپے نہ ملنے کی وجہ سے خودکشی کرلی۔ دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کالعدم اور عسکری ونگ کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر 6 ملزمان گرفتار کرلئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد اور عسکری ونگ کے بھتہ خور شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ آخری دہشت گرد کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہیگا۔

مزیدخبریں