کراچی (این این آئی+ نیٹ نیوز) حکومت سندھ نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقتول رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں بھیجنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس فوجی عدالت میں بھیجنے کیلئے درخواست کریگی۔ وفاقی وزارت داخلہ پر منحصر ہے کہ وہ مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجتی ہے یا نہیں۔ دوسری جانب خالد محمود سومرو قتل کیس فوجی عدالت میں نہ بھیجے جانے کیخلاف لاڑکانہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے لاڑکانہ میں احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا اور نوڈیرو جانیوالے راستوں کو بند کردیا جس سے بے نظیر کی برسی میں شرکت کیلئے جانیوالے پیپلز پارٹی کے قافلوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جے یو آئی کے کارکنوں نے سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کو بھی نوڈیرو جانے نہ آیا تاہم کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے بیٹوں مولانا راشد محمود اور ناصر محمود سے مذاکرات کئے۔ مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجے جانے کے اعلان پر انہوں نے دھرنا ختم کردیا۔