کوئٹہ+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے۔ فخر ہے بلوچ نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں۔ دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔ دشمنوں کی سازش کے شکار ناسمجھوں کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ سی پیک کی بروقت تکمیل سے خطے میں ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ نفرت اور دہشتگردی پھیلانے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ کوئٹہ میں بلوچ ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام کی تقریب میں شرکت کرنے پر خوشی ہے، آرمی چیف کی کمان سنبھالنے کے بعد میرا بلوچستان کا یہ تیسرا دورہ ہے بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور مجھے بلوچی کہلوانے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاس آئوٹ ہونے والوں میں پولیس اور ایف سی کے دستے بھی شامل ہیں۔ ملک کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ پاکستان ہمارا گھر، قبیلہ اور ملک ہے۔آپ ملک کی حرمت کے رکھوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی ادارے قومی یکجہتی کے ضامن اور علامت ہے بلوچستان کے نوجوان ملک کے دفاع میں کسی سے کم نہیں آج بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا بڑا اور انتہائی اہم حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے پناہ وسائل اور عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ صوے میں امن و امان کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاک فوج سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج صوبے میں تعلیمی اور معاشرتی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ بلوچستان کا مستقبل انشاء اللہ روشن ہے۔ اقتصادی راہداری روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔ سی پیک کی بروقت تکمیل خطے کو ترقی کی راہ پر ڈال دے گی۔ بلوچستان کی ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے بلوچستان کے بھائیوں کو یقین ہے کہ ان کی خوشحالی کی منزل قریب ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ بلوچستان کی عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں۔ دہشتگرد اور ان کے ہاتھوں میں استعمال ہونے والے عناصر اپنے انجام کو پہنچ چکے۔ قبل ازیں آرمی چیف نے پاک فوج کے بلوچ ریکروٹس کی پائوسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ آرمی چیف نے اعزازی چھڑی ریکروٹ عرفان علی کو دی اور کمانڈر سدرن کمانڈ کا طلائی تمغہ ریکروٹ لیاقت علی کو دیا۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی میں پاکستان کی ترقّی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان کے روشن مستقبل میں رُکاوٹ بننا چاہتے ہیں، بلوچستان کے بہادر اور باہمت بیٹے وطن کی آواز پر لبّیک کہتے ہوئے اِس عزم سے سرشار ہیں کہ ضرورت پڑنے پر جان بھی حاضر کر دیں گے۔ انشاء اللہ آنے والے وقتوں میں یہ وسائل آپکی ترقّی کے لیے نئی راہیں کھولیں گے اور آپکی کامیابی پاکستان کی کامیابی بنے گی۔ بلوچستان میں امن و امان کی بہتری، حکومت کی ترجیح ہے اور پاک فوج اِس ضِمن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ٹریننگ اور صلاحیت بڑھاؤ میں ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آنے والے کل کا بلوچ نہ صرف پاکستان، بلکہ پورے خطّے کی قیادت میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مَیں تمام معزّز وزراء اور حاضرین کا مَشکور ہوں جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر پاسنگ آئوٹ کی اس تقریب میں شرکت کی اور ریکروٹس کی حوصلہ افزائی کی۔ سی پیک نے خطے کی صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے۔ مسلح افواج خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ علاوہ ازیں سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہر طرح کے خطرے کا بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، راہداری منصوبے کو ہر قیمت پر مکمل کریں گے ،سی پیک ہماری اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے نہایت اہم ہے،آپریشن ضرب عضب سے ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری آئی،امن کو پائیدار بنیادوں پر استوار رکھنا چیلنج ہے،پاک فوج ہر قیمت پر اس چیلنج سے نمٹے گی۔ ملک میں پائیدار استحکام لانے کیلئے عوام اور پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دیں،پاک فوج پاکستان کے عوام کی توقعات پر پوری اتری ،آپریشن ضرب عضب سے ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری آئی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج بن کر سامنے آئی ہے، ہر طرح کے خطرے کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
دشمن بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، سازشوں کا شکار ناسمجھوں کے لئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: آرمی چیف
Dec 27, 2016