کوئی وجہ نہیں پانامہ لیکس پر عدالت کو مطمئن نہ کریں‘ دستاویزات دینگے: حسین نواز

Dec 27, 2016

لاہور (آن لائن ) وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ چونکہ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے اس لئے اس کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے ان کے خاندان کے افراد عدالت عظمیٰ کو مطلوبہ دستاویزات مہیا کریں گے۔ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہم پانامہ لیکس کے حوالے سے عدالت کو مطمئن نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز قانون دان سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کے والد کی وفات پر سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے ملک میں احتجاج کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن حکومت ان پارٹیوں کی احتجاجی سیاست کے ایجنڈا کو بخوبی جانتی ہے اور قوم اس سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتجاج کی نہیں اقدار کی سیاست کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتیں چارٹر آف ڈیموکریسی کے معیار کے مطابق سیاست کریں گی۔ 2017ءمیں وزیراعظم کی قیادت میں ترقیاتی ایجنڈا کو آگے بڑھایا جائے گا۔ امید ہے زرداری اور دیگر سیاسی جماعتیں ملک کو اقتصادی نقصان نہیں ہونے دیں گی۔ یہی حالات کا تقاضا ہے۔
حسین نواز

مزیدخبریں