اسلام آباد/ کراچی/ کوئٹہ /فیصل آباد(نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+نمائندہ خصوصی) تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور موبائل فون سروس متاثر ہو نے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ٹی سی ایل حکام نے کہا کہ تکنیکی خرابی آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہوئی جو بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر منقطع ہوئی۔حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپٹک فائبر گلشن حدید اور نوری آباد کے علاقوں میں منقطع ہوئی، جبکہ بلوچستان میں آپٹک فائبر اوتھل، حب، خضدار اور سوراب کے درمیان منقطع ہوئی۔ پی ٹی سی ایل کے جنرل منیجر کمیونی کیشنز عمران جنجوعہ نے تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی نقص سے ملک کے کئی شہروں میں ڈیٹا سروس متاثر ہوئی۔ پی ٹی اے کے مطابق تکنیکی خرابی کے سبب ملک کے جنوبی حصوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔ خیبر پی کے میں کئی علاقوں میں بھی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔ جی ایم پی ٹی سی ایل عمران جنجوعہ کے مطابق انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروس کو نقصان پہنچا۔ ادھر پی ٹی سی ایل کی انٹرنل انٹیلی جنس ٹیم نے کیبل کاٹنے والوں کے تعین کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پی ٹی سی ایل اور موبائل فون کمپنی کی انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجوہات سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کھاریاں اور کوئٹہ میں فائبر آپٹک کیبل کو ایک ہی وقت میں کاٹا گیا۔ فائبر آپٹک کیبل کو منظم طریقہ سے کاٹا گیا۔ دونوں کمپنیوں کا انٹرنیٹ سسٹم ایک ہی کیبل سے منسلک تھا۔ ممکنہ طور پر پی ٹی سی ایل سے فارغ کئے جانے والے ملازمین نے کارروائی کی۔ نامہ نگاروں کے مطابق سیالکوٹ‘ اوکاڑہ‘ سرائے عالمگیر‘ جہلم میں انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے بنکوں‘ کاروبار‘ لین دین اور دیگر معاملات ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ سروس رات گئے تک بحال نہ ہو سکی۔نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد اور گردونواح میں پی ٹی سی ایل کے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز 4 گھنٹے تک معطل رہیں جس سے طلبہ‘ شہریوں اور اخبارات کے دفاتر کو شدید دشواری کا سامنا رہا۔
آپٹک فائبر