کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے بعد معمولی تیزی کا رجحان دیکھا گیا‘ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46898پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا تھا تاہم فروخت کے دباﺅ کے باعث انڈیکس 46600پوائنٹس کی حد پر واپس آگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں26ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد شیئرز کی فروخت کا عمل کامیابی کیساتھ مکمل ہونے پر مقامی سرمایہ کار متحرک دکھائی دئیے اور انہوں نے توانائی، سٹیل، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری بھی کی تاہم منافع خوری کی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46700 اور 46800 پوائنٹس کی دو حد عبور کرتا ہوا 46900 پوائنٹس سے صرف 2 پوائنٹس کی دوری پر دیکھا گیا تاہم بیرونی سرمائے کے انخلاءکے سبب مارکیٹ دوبارہ تنزلی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 2بالائی حد سے نیچے گر گیا۔ پیر کو کاروبارکے اختتام پر انڈیکس میں 55.74 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 46633.99 پوائنٹس سے بڑھ کر 46689.73 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ پیر کے روز مارکیٹ کے سرمائے میں26 ارب42کروڑ 69 لاکھ 10 ہزار 518 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میںسرمائے کا مجموعی حجم93کھرب31ارب35کروڑ 28لاکھ91 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر93کھرب57ارب 77کروڑ98 لاکھ 2 ہزار18 روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طورپر385کمپنیوںکاکاروبار ہوا جس میں سے190کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،177میںکمی اور18کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔