لاہور/ ساہیوال/ سرگودھا/ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار)خواجہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے سپیکرز جان بوجھ کر ارکان اسمبلی کے استعفے قبول نہیں کر رہے اگر ارکان اسمبلی کے استعفے قبول کر لیے تو میرا وعدہ ہے کہ مزید استعفے پیش کر دوں گا۔ گوجرانوالہ میں استعفے پیش نہیں کیے، لاہور کے جلسہ میں استعفے پیش کروں گا۔ رانا ثناء اللہ کو فارغ نہ کیا گیا تو عقیدت ختم نبوت کی خاطر کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پیر سیال شریف کی 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ خواجہ حمید الدین سیالوی کی لاہور کی کال فیصلہ کن ثابت ہو گی۔ گوجرانوالہ کی تاریخی ختم نبوت کانفرنس سے عاشقان رسولؐ کو ولولہ تازہ ملا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کی ملاقات خوش آئند ہے۔ نواز شریف اور مریم صفدر کی عدلیہ کیخلاف تازہ ہرزہ سرائی باغیانہ رویہ ہے۔ سابق وزیراعظم ہر روز توہین عدالت کررہے ہیں۔پوری قوم ہزاروں پاکستانیوں کے قاتل کل بھوشن کو پھانسی پر لٹکتا دیکھنا چاہتی ہے۔ عدلیہ اور فوج کو کمزور کرنا عالمی ایجنڈا ہے۔ قوم عدلیہ کے فیصلوں پر مطمئن ہے۔ نواز شریف آواز عدل کو دبانا چاہتے ہیں لیکن محب وطن طبقات عدلیہ اور فوج کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔