بھارت نے کشمیری قیادت پر دبائو کیلئے انتقامی کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی: حافظ سعید

Dec 27, 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت سرکار نے کشمیری قیادت کو دبائو میں لانے کیلئے انتقامی کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ کشمیری لیڈروں کے گھروں پر چھاپے مار کر ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ نام نہاد فنڈنگ کیس میں گرفتاری کشمیری رہنمائوں سے جیلوں میں توہین آمیز سلوک پر انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ بزرگ کشمیری لیڈر سید علی گیلانی اور ان کے بیٹے کو نئی دہلی طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 29دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں بڑی تحفظ بیت المقدس کانفرنس ہو گی۔ سیاسی و مذہبی قائدین فلسطین اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کے حوالہ سے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے ہونیو الی کانفرنس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اور اسرائیل کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھانے میں مصروف ہیں۔اگر کشمیر میں بھارت کی جانب سے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے تو فلسطین میں بھی اسرائیلی فورسز اہلکار نہتے مسلمانوں کیخلاف کیمیائی ہتھیار استعما ل کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے بعد فلسطینیوں پر ظلم و بربریت میں اور زیادہ شدت پیدا ہو گئی ہے۔ جمعہ کے دن دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت لیاقت باغ راولپنڈی میں تحفظ بیت المقدس کانفرنس صبح گیارہ بجے شروع ہو گی ۔یہ کانفرنس تاریخی نوعیت کی ہو گی اور اس میں قومی سیاسی و مذہبی قیادت شریک ہو نے سے دنیا کو ایک مضبوط پیغام جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل فلسطین میں نصف صدی سے زائد عرصہ سے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔امریکہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دیکر دنیا کا امن برباد کرنے کی کوشش کی گئی۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ وہ اس کے تحفظ سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ مسلم امہ کا بچہ بچہ قبہ اول کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیارہے۔ تحفظ بیت المقدس کیلئے مسلم ممالک کو باہم متحد ہو کر پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ ڈالر اور پائونڈ کی غلامی سے نکلے بغیر فلسطین و کشمیر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔کشمیر، فلسطین و دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا پوری مسلم امہ پر فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ اس وقت بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ کشمیریوں کی تحریک ان کی اپنی ہے۔ جدوجہد آزادی کیخلاف دہشت گردی کا گمراہ کن پروپیگنڈا درست نہیں ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں