آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف سے اتحاد نہیں کرینگے: سراج الحق

Dec 27, 2017

لندن+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف سے اتحاد نہیں کریں گے۔ مذہبی اور نظریاتی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ماڈل ٹائون انسانیت سوز واقعہ تھا اس معاملے پر طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی حکومت دو قدم آگے چار قدم پیچھے چلتی ہے۔ ایم ایم اے کو دوبارہ فعال کرنے میں کوئی خفیہ ہاتھ کا عمل نہیں۔ افراد کی تبدیلی کا تماشہ بہت ہو چکا اب نظام کی تبدیلی ضروری ہے۔ قبل ازیں 12 روزہ دورہ پر یورپ روانگی سے قبل لاہورائر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا حکومت ہر کام کریڈٹ کے لیے کرتی ہے ، کوئی کام عوام کے لیے بھی کرلے ۔ فاٹا اصلاحات کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں لہٰذا حکومت جلد یہ آپشن استعمال کرے کیونکہ حکومت کے پاس اب زیادہ وقت نہیں رہا ۔ایف سی آر کے ظالمانہ قانون کے خاتمہ اور فاٹا کے خیبر پی کے میں انضمام کے مطالبے کومزید التوا میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ فاٹا سے ایف سی آر کے کالے قانون کے خاتمہ اور خیبر پی کے میں ضم کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی غیر منطقی حل ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو فاٹا کے عوام اسے قبول نہیں کریں گے ۔31 دسمبر سے قبل فاٹا خیبرپی کے انضمام کا بل اسمبلی سے پاس کراناچاہیے کیونکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کے تحفے حکمرانوں کے ہیں ۔ حکمران ملکی وسائل پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں ، عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد کر اور ظالمانہ بلوں سے دولت اکٹھی کر کے حکمران اپنے عیش و عشرت پر خرچ کرتے ہیں۔ حکومت کی نااہلی سے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت اور صنعت زبوں حالی کا شکار ہیں ۔ بھارت پاکستانی دریائوں پر بند باندھ کر آبی جارحیت کر رہاہے اور ہمارے حکمران آئے روز بھارت کو خوش کرنے کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں ۔ صباح نیو زکے مطابق سراج الحق پاکستانی کمیونٹی کے پروگرامات میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ سراج الحق نے لیاقت بلوچ کو قائم مقام امیر جماعت اسلامی مقرر کیا ہے۔ سراج الحق 6 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے۔

مزیدخبریں