اسلام آباد (آن لائن) مشیر وزیراعظم برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام بنیادی ایشوز پر بھارت سے بات چیت کا خواہاں ہے مگر بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے صورتحال کو بگاڑ رہا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں بھارت اپنا طرز عمل تبدیل کرے صورتحال اس کیلئے پریشان کن ہوسکتی ہے۔/ بھارت کی کھلی جارحیت کے باعث جوانوں کی شہادت اب ناقابل برداشت ہے آخر ہم کب تک جوانوں کے جسد خاکی اٹھائیں گے۔ پاکستان ایک نیوکلیئر طاقت ہے اور اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ دنیا ہماری پوزیشن سمجھے پاکستان اور بھارت کے درمیان فرق اخلاقیات کا ہے۔ ہم انسانی قدروں کے امین ہیں جبکہ بھارت انسانیت سے عاری ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی جاسوس اور دہشتگرد کی اس کے اہلخانہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کے عمل کا جواب بھارت نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کو ٹارگٹ کرنے لگا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی وادی میں انسانیت سوز مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کیلئے سرحدوں کو گرم کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیر سمیت تمام بنیادی ایشوز پر بات چیت کا خواہاں ہے مگر بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے صورتحال کو بگاڑ رہا ہے۔