لوڈشیڈنگ‘ بلنگ سمیت کئی معلومات آن لائن، ’’روشن پاکستان‘‘ موبائل ایپلی کیشن کا اجرا

Dec 27, 2017

اسلام آباد (این این آئی‘آن لائن‘آئی این پی) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے بجلی کی تقسیم، ترسیل، لوڈ شیڈنگ و بلنگ کی صورتحال، نیٹ میٹرنگ ودیگر معلومات آن لائن حاصل کرنے کیلئے’روشن پاکستان‘ کے نام سے موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے حکومت نے بجلی لوڈ شیڈنگ پرقابو پانے اور پیداوار میں اضافے کا وعدہ پورا کردیا، واجبات کی وصولی، بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں، لائن لاسز کے اعدادوشمار بھی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعہ حاصل ہوسکیں گے ، نئے سسٹم سے صارفین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی اور اپنے فیڈر سے بجلی کی فراہمی کا جائزہ خود لے سکیں گے، افسران کو صارفین کے سامنے جوابدہ بنائیں گے۔ اویس لغاری نے وزارت پاور ڈویژن میں موبائل ایپلیکیشن کا اجراء کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر لوڈشیڈنگ کے حوالے سے حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے موبائل ایپلی کیشن سے دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا نئے نظام کے ذریعے جو معلومات وفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری کو مل رہی ہیں ان تک اب عام صارفین کی بھی رسائی ہو گی۔ اوور بلنگ کے مسئلے کے حل کیلئے تین سال قید کا قانون قومی اسمبلی سے منظور ہو گیا ہے۔ امید ہے پارلیمنٹ سے یہ بل جلد منظور ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا اس وقت 4 ہزار سے ساڑھے 4 میگاواٹ بجلی فاضل ہے۔ وزارت پانی اور بجلی کے سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر نے بتایاجون 2018ء تک نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 969 میگاواٹ اور تربیلا فور توسیع منصوبے سے 1410میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جس سے موجودہ حکومت کے پانچ سالہ مدت کے دوران سسٹم میں شامل ہونے والی بجلی 11ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیف ایگزیکٹو آفسیر امتیاز احمد نے بتایا موبائل ایپلیکیشنز اردو اور انگریزی زبان میں بنائی گئی ہے جو موبائل فون سے پلے سٹور کے ذریعے ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔

مزیدخبریں