.فاٹا، گلگت، بلتستان کا معاملہ قومی مفادات کے مطابق حل کیا جائے: ساجد نقوی

ملتان (نامہ نگار خصوصی) قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، فاٹااور گلگت بلتستان کا معاملہ قومی مفادات کے مطابق حل کیا جائے۔ فاٹا اورگلگت بلتستان کے عوام کو بھی بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں ، ان معاملات پر سیاست کی بجائے پارلیمان میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور مسائل مستقل بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے قبائلی علاقہ جات اور گلگت بلتستان سے آئے ہوئے وفودسے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔ جنہوںنے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو حقوق یکساںملنے چاہیے لیکن افسوس اس ملک کے کچھ حصے یا علاقے ایسے ہیں جہاں عملاً آئین نافذ العمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا روز اول سے مطالبہ کیاہے کہ ملک میں آئین کا یکساں نفاذ اور قانون کی عمل داری قائم کی جائے جب تک صحیح معنوں میں آئین و قانون پر عملدرآمد نہیں ہوتا معاملات سلجھ نہیں سکیںگے۔

ای پیپر دی نیشن