گیس بحران: فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مسترد، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، وزیر اعظم: فرنس آئل کی درآمد پر پابندی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا گیس بحران سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے گیس بحران کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیکرٹری پٹرولیم کو دوبارہ انکوائری کی ذمہ داری سونپ دی۔ سیکرٹری پٹرولیم 48 گھنٹوں میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ گیس بحران کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ اجلاس میں پی ایس او کے بورڈ کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دے گی۔ وزیر پٹرولیم اور وزیرتوانائی نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایل این جی کو 4 ماہ کی طلب کا پلان اور گیس لوڈ مینجمنٹ پیش کیا گیا جبکہ ملک میں بجلی کے پیداواری منصوبوں، ایل این جی اور پٹرولیم سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ حکومت نے فرنس آئل کی درآمد پر فوری طور پر پابندی لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔ کابینہ کمیٹی نے اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ایل این جی کی قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا وزیراعظم نے گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئل ریفائنریز کا ذخیرہ بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے آر ایل این جی ٹرمینل کے استعمال کیلئے تفصیلی پلان مرتب کیا جائے گا۔پاور ڈویژن توانائی کمیٹی کو تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات سے آگاہ کرے گا پاور ڈویژن کمپنیوں کے واجبات کی وصولی پر ماہانہ بنیادوں پر بریفنگ دے گا گیس کمپنیوں کے نقصانات میں کمی کیلئے منصوبہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کو پٹرولیم اور توانائی کی 6 ماہ کی طلب اور رسد پر بریفنگ دی گئی وزیراعظم کو توانائی سیکٹر میں گیس کی دستیابی درآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا وزیراعظم کو سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے سردیوں میں گیس پلان پر بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ درجہ حرارت کرتے ہی اچانک گیس کی ڈیمانڈ بڑھ گئی گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ریفائنریز کی مشاورت سے پلان تیار کیا جائے گا فرنس آئل کی پیداوار کی موجودہ سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جائے ضرورت سے زیادہ فرنس آئل کو برآمد کرنے کی ترجیحات طے کرنے کی ہدایت کی وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو گیس چوری روکنے کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت کی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیا انرجی پلان جنوری میں تیار کرلیا جائے وزیراعظم نے انرجی سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے بہتر بنانے پر زور دیا وزیراعظم نے کہا کہ توانائی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش نہ آئے۔ قابل تجدید توانائی پالیسی کو جنوری تک حتمی شکل دی جائے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ’’پناہ گاہ‘‘ کا افتتاح کر دیا پناہ نگاہ میں ڈسپنسری کی سہولت موجود ہے وزیراعظم نے پناہ گاہ میں ٹرانسپورٹ سروس بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے نیول چیف ظفر محمود عباسی نے ملاقات کی ہے پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ امور اور آپریشن تیاریوں پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک بحریہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس کے ایجنڈا پر مختلف آئٹمز موجود ہیں۔ کابینہ چینی مارکیٹ کیلئے ’’پانڈا بانڈ‘‘ جاری کرنے کی منظوری دے گی۔ یہ بانڈ متوقع طور پر بجلی کے سیکٹر کے لئے جاری کیا جا رہا ہے۔ پاکستان سٹیل ملز کو ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ شہریوں عبدالقادر جعفری اور نسرین عابد کو غیر ملکی ایوارڈ وصول کرنے کے لئے این او سی جاری کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ہائر ایجوکیشن کمشن کو ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔ موبائل کمپنیوں کے لائسنسز کی تجدید کرنے کی منظوری بھی ایجنڈا کا حصہ ہے۔ موبائل فونز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی بھی منظوری دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن