لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ کرکٹ بورڈ نے سنٹرل پنجاب کا کپتان مجھے بنایا تھا تاہم میری غیر موجودگی میں احمد شہزاد نے پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بہترین کپتانی کی ہے۔ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا 5 روزہ فائنل آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہو رہا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم سنٹرل پنجاب کا مقابلہ ناردن کیساتھ ہے۔سنٹرل پنجاب کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم کو تجربے کار اور ان فارم کرکٹرز کی خدمات حاصل ہیں ،البتہ فائنل کے گیارہ کھلاڑی کون ہونگے؟ یہ انتخاب ایک مشکل مرحلہ ہوگا۔ نسیم شاہ کو آرام دینے کی غرض سے فائنل نہ کھیلنے دینا اس اعتبار سے درست فیصلہ ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ احمد شہزاد ٹورنامنٹ بہترین انداز میں قیادت کرتے رہے اور فائنل تک ٹیم کو پہچانے میں ان کی قیادت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ٹورنامنٹ کیلئے سنٹرل پنجاب کی قیادت مجھے دی گئی تھی اور بورڈ نے کہا تھا کہ آپ کھیلیں گے تو قیادت آپ ہی کو کرنا ہوگی۔ناردرن ٹیم کے کپتان نعمان علی کا کہنا ہے کہ میں اپنی ٹیم کے کوچ اور قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد وسیم سے یہ نہیں پوچھ سکتا کہ مجھے کیوں منتخب نہیں کیا جا رہا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس کی بنیاد پر فواد عالم اور عابد علی کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا اور یہ بات ان کیلئے باعث تقویت ہے۔ فائنل میں مخالف ٹیم سینٹرل پنجاب کو بہترین اور تجربے کار کرکٹرز کی خدمات حاصل ہیں اور دیکھا جائے تو صفحات پر یہ ایک مضبوط ٹیم بھی ہے، تاہم فائنل کا اپنا دباو ہوتا ہے۔ کوچ محمد وسیم بہت تعاون کرتے ہیں، ہاں میں ان سے یہ ضرور سوال کر سکتا ہوں کہ میرے اندر کیا خامیاں ہیں، میں خود کو کیسے مزید بہتر بنا سکتا ہوں۔