بینظیر کی 12 ویں برسی آج: ہائیکورٹ نے لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دیدی

اسلام آباد، مظفرآباد (این این آئی+ آئی این پی) بے نظیر بھٹو شہید کی 12 ویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام، نظریاتی جوش خروش کے ساتھ منائی جائیگی۔ شہادت لیاقت باغ میں پہلی بار اس تجدید عہد کے طور پرمنائی جارہی ہے کہ جب تک ملک سے دہشت گردی، لاقانونیت، انتہاء پسندی کا خاتمہ اور استحصال سے پاک معاشرہ قائم نہیں ہوتا ہماری پرامن جمہوری جدوجہد حصول منزل تک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ و سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بنچ نے پیپلزپارٹی کو آج لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دیدی ہے۔ سیکورٹی اداروں کو بلاول بھٹو زرداری کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بنچ نے حکم جاری کیا ہے کہ سیکورٹی ادارے بلاول بھٹو کو سیکورٹی فراہم کریں، اور جلسے کی سیکورٹی کے لیے متعلقہ ادارے اقدامات کریں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سردار سیف اللہ ڈوگر کے جلسے کی اجازت نہ دینے کے احکامات بھی منسوخ کر دیئے۔ سماعت کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ اور دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے تھے۔مزید براں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو کے 12ویں یوم شہادت پر پیغام جاری کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو وفاق کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں۔ شہید بی بی کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی۔ آصف زرداری نے’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگا کر ان مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی بہادر قائد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ بینظیر بھٹو نے آمر کے خلاف انتھک جدوجہد کی قیادت کی۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ بحالی جمہوریت کی جدوجہد میں بینظیر بھٹو کو قید تنہائی اور جلاوطنی برداشت کرنا پڑی مگر پھر بھی انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔ بینظیر بھٹو نے صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے جیسے پروگراموں کو شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پارٹی کارکنان کی حمایت سے یہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور شہید بینظیر بھٹو عوام کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ بینظیر کی جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...