لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ121 سال کے بعد پنجاب کے دوسرے بڑے منصوبے جلال پور کینال کا افتتاح تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے۔ آغاز کی تقریب سے خطاب میں عثمان بزدار نے کہا کہ 1897ء میں جلال پور کینال کا منصوبہ تیار کیا گیا آج تک کسی کو توفیق نہ ہوئی۔ لیکن عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی حکومت یہ پراجیکٹ پانچ سال میں تین فیزز میں مکمل کرے گی۔ پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی۔ عثمان بزدار نے جلال پور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب میں تشریف لانے پر عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرکے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ‘ پولیس، انتظامیہ اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروںکو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دیئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔