پاکستان سمیت متعدد ممالک میں سورج گرہن، مختلف شہروں میں نماز کسوف

Dec 27, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک میں سورج گرہن کے موقع پر جامع مسجد منصورہ میں نماز کسوف ادا کی گئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیر شریف کے مطابق نماز کسوف شیخ القرآن الحدیث مولانا عبدالمالک نے پڑھائی۔ جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور حافظ ساجد انور حافظ محمد ادریس سمیت منصورہ و گردونواح کی بستیوں سے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا عبدالمالک نے ملکی سلامتی کشمیر فلسطین کی آزادی کیلئے اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کرائی دریں اثناء گزشتہ صبح پاکستان کے متعدد شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا جو صبح سات بج کر تیس منٹ پر شروع ہوا اور دوپہر ایک بج کر چھ منٹ تک جا ری رہا، رنگ آف فائر کو سعودی عرب، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان، بھارت، سری لنکا، سماٹرا، سنگاپور اور فلپائن میں بھی دیکھا گیا۔ سورج گرہن کے باعث چند شہروں میں جزوی اندھیرا چھا گیا۔ مساجد میں نماز کسوف کا اہتمام کیا گیا۔ علا وہ ازیں اسلا م آ با د اور راولپنڈی کی مسا جد میں نماز کسوف ادا کی گئی۔ مزید براں، جامعہ اشرافیہ لاہور میں سورج گرہن کے موقع پر نماز صلوٰۃ الکسوف ادا کی گئی اس موقع پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے خصوصی دعائی کرائی۔ علاوہ ازیں ایشیا، آسٹریلیا، یورپ، افریقا، بحرہند اور بحرالکاہل میں رواں برس کا آخری سورج گرہن دیکھا گیا۔ کراچی میں سورج گرہن زیادہ سے زیادہ 80 فیصد رہا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تمام جنوبی علاقوں میں 20 سال بعد سورج گرہن ہوا، اس سے قبل 11 اگست 1999 کو پاکستان میں سورج گرہن ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سورج گرہن کا آغاز صبح 7 بج کر 34 منٹ ہوا جو 8 بج کر 37 منٹ پر عروج کو پہنچا تھا، اس کا نظارہ 8 بج کر 58 منٹ پر دیکھا گیا تاہم اس کا مکمل اختتام دوپہر ایک بج کر 6 منٹ پر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق کراچی میں سورج گرہن 80 فیصد تک ہوا سورج گرہن کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں نماز کسوف کا اہتمام کیا گیا تھا کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز چار سمیت مختلف علاقوں کی مساجد میں نماز کسوف ادا کی گئی۔

مزیدخبریں