لاہور‘ اسلام آباد، بھیرہ (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی + سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے، کئی زخمی ہوئے۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹویٹ میں بتایا کہ گذشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے اور چوکی تباہ کر دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔ نائب صوبیدار کانڈیرو کا تعلق سکھر کی تحصیل پنوں عاقل اور محمد احسان کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں، متنازعہ شہریت ایکٹ پر جاری شدید ردعمل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت کی عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ دنیا جنگی جنون میں مبتلا بھارت سرکار کی شر انگیزیوں کا نوٹس لے۔ وزیر خارجہ نے پاک فوج کے شہید ہونیوالے دونوں نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارت کسی بھول میں نہ رہے ،آج پوری قوم وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادی مودی کی انسانیت دشمن و امن دشمن پالیسیوں اور اقدامات کا نوٹس لے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ایل او سی پر پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ شہید جوانوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن کے لیئے خطرہ ہے۔ آرمی کے جوان محمد احسان کی نماز جنازہ بھیرہ کے قریب ان کے آبائی قصبہ لنگر میں ادا کر دی گئی جس میں علاقہ بھر کی سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ عوام نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ پاک آرمی کے جوانوں نے شہید احسان کو سلامی پیش کی اور اسے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ میجر علی نے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے۔ شہید محمد احسان کے سوگواروں میں والدین، سات بہن بھائی، بیوہ اور تین ماہ کی بیٹی شامل ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا۔ ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت‘ افواج پاکستان کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔