لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے حضرت شاہ جلال ریسرچ سینٹر میں اقامتِ دین کے 43ویں پروگرام میں ’’زہے عزت واعتلائے محمد ؐ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: حکمران دنیاوی نقصان پر تو فوراً فکر مند ہو جاتے ہیں مگر دینی امور میں ان کے ضمیر پر بار بار دستک دینے سے بھی ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ عمران خان نے حضرت محمد مصطفی ؐ کے بارے میں جو قابل اعتراض لفظ بولا ہے، کابینہ اور مذہبی لوگ عمران خان کو آداب رسولؐ کے نہایت حساس موضوع پر باخبر کیوں نہیں کر رہے۔ صاحبزادہ نور الحق قادری، مفتی محمد منیب الرحمن اور صاحبزادہ محمد حامد رضا جو کہ عمران خان سے ویسے تو آئے روز ملاقات کرتے رہتے ہیں مگر اس نہایت اہم ایشو پر ان حضرات نے عمران خان سے کوئی ملاقات کر کے یا ویسے کسی قابلِ ذکر بیان میں عمران خان سے توبہ کا مطالبہ نہیں کیا۔