ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی سربراہی میں غیر قانونی مذبح خانوں میں بیمار اورلاغر جانوروں کوذبح کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی میٹ سیفٹی اور ویجیلینس ٹیموں نے بکر منڈی لاہور میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے نو ر دا ڈیرہ اور ملک بلال نامی غیر قانونی مذبح خانوں کو سیل کردیا۔ کارروائی کے دوران1355کلو گوشت اور2بیمار زندہ جانوربرآمدکر لیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ناقص گوشت بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے تیار کیا جا رہا تھا۔مضر صحت گوشت کو تصدیق شدہ ظاہر کرنے کے لیے لگا ئی جانے والی جعلی مہریں بھی برآمد کر لی گئیں۔ پہلے سے سیل شدہ دونوں مذبح خانے خود سے غیر قانونی طور پر سیل توڑکر کے ناقص گوشت تیار کر رہے تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیمیں ان مذبح خانوں کو سیل کر چکی تھی۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جاتا تھا۔میٹ سیفٹی ٹیموں نے950کلو بیف، 405کلومٹن اور 2بیمار زندہ جانور بھی برآمد کیے۔ضبط شدہ مضر صحت گوشت کوپیمکو بھٹی میں تلف کردیا گیا ہے۔انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ گلی محلوں میں چھپ کر ناقص گوشت تیار کرنے والوں کی نشاندہی کر کے ہماری مدد کریں۔
#/S
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں بیمار،لاغر جانوروں کوذبح کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن
Dec 27, 2019 | 23:29