لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے کے قریب ہے، جعلی راجکماری، شہزادہ اور مولانا میں ’’اٹ کھڑکا‘‘کا وقت آگیا ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم عقل سے عاری اس ٹولے کے درمیان جلدجوتوں میں دال بٹتا دیکھے گی، استعفوں کا شوشا بھی ان کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اب یہ عناصر استعفے نگل سکتے ہیں نہ اگل سکتے ہیں۔ پچھتاوا ان کا مقدر بن چکا ہے،کرپشن کے بدنام زمانہ عناصر کو صرف رسوائی ملے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں خدمت کا سفر نہیں رکے گا۔ افراتفری کی سیاست کا جواب صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔
جعلی راجکماری، شہزادے اور مولانا میں ’’اٹ کھڑکا‘‘ کا وقت آ گیا: فردوس عاشق
Dec 27, 2020