لاہور‘ اسلام آباد ‘فیروزوالا‘ اوکاڑہ‘ ساہیوال‘ سیالکوٹ (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگاران‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نمائندہ خصوصی) سیالکوٹ پنجاب اور خیبر پی کے کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں پر شدید دھند کا راج، موٹر وے ایم ٹو اور ایم فور کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے سالم انٹر چینج حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کیلئے بند۔ موٹروے ایم تھری لاہور سے رجانہ تک بند ہے۔ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک بند ہے۔ سوات موٹر وے کرنل شیر خان سے چکدرہ بھی دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ قومی شاہراہ پر ٹھوکر، چوہنگ، مراکہ، شام کی بھٹیاں، مانگا منڈی، پتوکی، جمبر، پھول نگر، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، گیمبر، ساہیوال، ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں شدید دھند ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حدنگاہ صفر سے تیس میٹر تک رہ گئی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما رنگ دکھانے لگا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے بادل چھا گئے‘ ہر منظر دھندلا گیا۔ کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہو گئی۔ دھند سے قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر حد نگاہ تیس میٹر تک رہ گئی۔ موٹر وے پولیس نے دھند میں حادثات سے بچاؤ کیلئے شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔ دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ اور کالا خطائی روڈ نواحی علاقوں میں دوپہر تک دھند چھائی رہی۔ ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ جی ٹی روڈ شرقپور روڈ لاہور روڈ سرگودھا روڈ اور کالا خطائی روڈ پر ہونے والے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 18 بتائی گئی ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ بائی پاس پر شدید دھند کے باعث مزدا اور ٹرالر کا تصادم ہو گیا۔ ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اوکاڑہ بائی پاس شرقی پر ہوا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ایک گاڑی میں سے پھنسے ہوئے شخص کو باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ساہیوال پاکپتن روڈ پر چک سندھے خاں کے قریب چوک میں دھند کے سبب تیز رفتار مزدا بس سے ریسکیو اہلکار شاکر بودلہ کی موٹر سائیکل ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں شاکر بودلہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ پر تین پروازوں نے دھند کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی۔ نجی ائرلائن نمبر EK-624 اور PF-141 اور QR-620 نے لاہور ائرپورٹ پر لینڈنگ کرنا تھی لیکن شدید دھند کے باعث تینوں پروازوں کو وقفہ کے ساتھ سیالکوٹ ائرپورٹ پر لینڈ کیا گیا بعدازاں یہاں سے ہی مسافر اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہو گئے۔
پنجاب خیبرپی کے میں دھند کا راج،کئی مقامات پر حدنگاہ صفر،موٹرویز بند
Dec 27, 2020