وزیراعظم بہادری دکھائیں ، استعفا دیں اور گھرجائیں،عذرا واجد

Dec 27, 2020

ملتان(لیڈی رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور ممتاز سیاستدان بیگم عذرا واجد نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے یہ اعتراف کہ انہیں تین ماہ تک تو کچھ پتہ ہی نہیں اور پھر ہماری کابینہ میچورنہیں تھی ۔ لیکن یہ سن کر حیرت بھی ہوئی کہ اگر تیار ہی نہیں تھے تو آپ کو یہ اتنی بڑی ذمہ داری سنبھالنی ہی نہیں چاہئے تھی انہوں نے کہا ریلوے کا کباڑہ کرنے کے بعد اب وزارت داخلہ کا قلمدان شیخ رشید کے سپردکرنا کہاں کی عقلمندی ہے وہ وزارت داخلہ سنبھالنے کے اہل ہیں ؟ اس حکومت کے وزراء اور مشیران تو عہدوں کو انجوائے کررہے ہیں۔ ان کی حکومت نے کسی بھی طرح ملک کو فائدہ پہنچانے کی بجائے اُلٹا نقصان ہی پہنچایا ہے ۔میں سمجھتی ہوں کہ وزیراعظم ابھی بھی بہادری دکھائیں ، استعفی دیں اور گھرجائیں۔ان حالات میں ان کا استعفی اچھا فیصلہ ہوگا۔انہوں نے کہا موجودہ حکمرانوں نے اپوزیشن کے پیچھے نیب کو لگا رکھا ہے جو انہیں کسی بھی طرح سانس نہیں لینے دے رہی ۔ مسلم لیگ ن اور دوسری جماعتوں کو کہتے ہیں کہ لوٹ مارکر گئے ۔ لیکن وزیراعظم نے بھی تو اپنی بہن کو بچایا، بنی گالہ کو بچایا اور جہانگیر ترین کو بچایا ۔ ہمیشہ کہتے ہیں اپوزیشن کو این آر او نہیں دوں گا ، تو پھر اپنے لوگوں کو بھی این آر او نہ  دیتے تو بات بنتی۔ انہوں نے کہا ڈائیلاگ جمہوریت کا حسن ہیں۔ ان کو ڈائیلاگ کرنے چاہئے ، مفاہمت کی راہ اختیار کریں ۔ضد اور انا کو نہیں اپنانا چاہئے اس حکومت نے نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا اور عدم برداشت کا کلچر پروان چڑھا رہی ہے۔انہوں نے کہا اس حکومت نے ملک کا قرضہ دُگنا کردیا، معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔ بغیر ہوم ورک کیے حکومت ہم پر مسلط کر دی گئی ہے ۔ اب بھی وقت ہے حکومت اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرے ، استعفی دے اور گھر چلی جائے تاکہ ذمہ دار لوگ ملک کی ڈوبتی ناؤکو بچاسکیں۔

مزیدخبریں