مظفرگڑھ،ٹھٹھہ صادق آباد(نامہ نگار) مظفر گڑھ شہر سے پیپلزپارٹی کے ایم این اے مہر ارشاد سیال نے اپنا استعفی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھیج دیا.تفصیلات کے مطابق شہری حلقہ این اے 182 سے پیپلزپارٹی کے ایم این اے مہر ارشاد سیال نے اپنا استعفی بلاول بھٹو زرداری کو بھیج دیا،سرائیکی زبان میں لکھے جانے والے استعفیٰ میں حکومتی وعدے بھی یاد دلائے گئے ہیں.استعفی میں مہر ارشاد سیال کا کہنا تھا کہ حکومت کے 800 دن گزرنے کے باوجود بھی الگ صوبہ تو کیا صوبہ کمیشن بھی نہیں بنایا گیا.انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی وعدوںکے مطابق مظفرگڑھ میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بنایا جائے.اور صوبے کا سب سے بڑا ٹیکس فری انڈسٹریل اسٹیٹ مظفرگڑھ میں بنانے کا وعدہ پورا کیا جائے.مہر ارشاد سیال کا استعفیٰ میں کہنا ہے کہ حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود بھی مظفرگڑھ میں اہم سڑکیں بھی نہیں بنائی گئیں.وہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہیں۔ٹھٹھہ صادق آباد سے نامہ نگارکے مطابق جہانیاں ٹھٹھہ صادق آباد کے قومی حلقہ این اے 153 سے مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی وچیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار چوہدری افتخار نذیر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام اپنا قومی کی رکنیت سے تحریری استعفیٰ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو بھجوا دیا ہے، استعفیٰ بھجوانے کے بعد چوہدری افتخار نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 اور 2018 کے الیکشن میں حلقہ کی غیور عوام کی وجہ سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جس کا میں اپنے خدا اور ووٹروں کا بے حد شکر گزار ہوں لیکن ملک کی موجودہ بد حال معاشی صورتحال تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لینے بجلی گیس ادویات آٹا چینی سبزیاں جو کہ میرے عوام کی بنیادی ضروریات ہیں اْن کی قوت خرید سے باہر ہونے پر میں اور میری جماعت (مسلم لیگ ن) کی اعلیٰ قیادت یہ سمجھتی ہے کہ حکومت نالائق. نااہل اور وارداتیوں کا ٹولہ ملک پر بوجھ ہے اسے گھر جانا چاہیے اس لیے میرے تا حیات قائد میاں محمد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر موجودہ حالات میں ملک پاکستان اور قوم کے بہتر مستقبل کے لئے میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے واضح رہے کہ چوہدری افتخار نذیر مسلسل تین بارجہانیاں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی جہانیاں حاجی عطاء الرحمن پہلے ہی صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی پارٹی قیادت کو جمع کروا چکے ہیں۔