لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ذاتی مفادات پر مبنی ''انقلاب ''ان کے اپنے گلے کی ہڈی بن گیا۔ملک و قوم کے مفادات میں چلنے والی تحریکیں کبھی موسم کی شدت نہیں دیکھتیں اس لئے پی ڈی ایم کی مفادات پر مبنی تحریک پر اوس پڑچکی ہے ،انشااللہ سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اورتحریک انصاف اکثریت بھی حاصل کرے گی۔ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفدسے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ گیارہ جماعتوں نے اتحاد بنا کر جلسوں کی صورت میں جو ''انقلاب '' بر پا کیا تھا اس کاآج کہیںنام و نشان بھی نہیں بلکہ نہ صرف نام نہاد انقلاب بلکہ اپوزیشن نے اپنی آنکھوں میں جو خواب سجائے تھے ان پر بھی اوس پڑ چکی ہے۔ پی ڈی ایم کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے اور یہ اب ایسی جگہ پر ہیں جہاں آگے دیوار اور پیچھے گڑھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کہا ہے کہ وہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔
ملکی مفادمیں تحریکیں کبھی موسم کی شدت نہیں دیکھتیں :ہمایوں اخترخان
Dec 27, 2020