راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر مرزا نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کے لیے 325ملین روپے کے ترقیاتی منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔ شائننگ صدر کے نام کے تحت اس منصوبے میں سڑکوں ، فٹ پاتھ کی مرمت کے لیے ڈیڑھ سو ملین روپے، مارکیٹوں کی خوبصورتی ، یکساں سائز کے سائن بورڈکے لیے تیس ملین روپے، خستہ ، پرانی اور بے ہنگم تاروں کی درستگی، زیر زمین تاریں بچھانے کے لیے ایک سو بیس ملین روپے اور پارکنگ ایر یا کی تعمیر کے لیے پچیس ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔پائلٹ پروجیکٹ کے تحت آدم جی روڈ پر کام شروع ہو گیا ہے جہاں سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا اعلان آر سی بی کی جانب سے راولپنڈی چیمبر میں ایک بریفنگ میں کیا گیا جس میں اسٹیشن کمانڈر وکنٹونمنٹ بورڈ کے صدر بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی ، سی ای او کینٹ بورڈ عمر فاروق، سی ای او چکلالہ کینٹ بورڈ وسیم شاہد، ایڈیشنل سی او مز ماریہ جبیںنے شرکت کی جبکہ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر عثمان اشرف، نائب صدر شاہ ریز ملک، سابق صدور شمائیل داود، اسد مشہدی، مجلس عاملہ کے اراکین ، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔صدر ناصر مرزا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شائننگ صدر منصوبے کے لیے چیمبر آف کامر س کی جانب سے بھرپور تعاون و معاونت کی جائے گی۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے سٹیشن کمانڈر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے بزنس کمیونٹی ان کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔