سرینگر‘ اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں 2 کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے کانی گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے تیز رفتار فور جی انٹرنیٹ سروس کی بندش میں 8جنوری 2021تک توسیع کر دی ہے۔ ضلع کٹھوعہ میں بھارتی فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر(جے سی او) سمیت دو فوجی اس وقت ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا جب انکی بیرک کا ایک حصہ منہدم ہو کر ان پرآگرا۔ جے سی او کی شناخت ایس این سنگھ کے طور پر ہوئی ہے اور وہ ہریانہ کے علاقے سونی پات کا رہائشی ہے۔ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کا نام پرویش کمار بتایا جاتا ہے۔ الیکشن ڈرامہ کے بعد 75 حریت پسند کارکنوں و لیڈروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کا بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں جمہوریت کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیر میں جمہوریت کے دعوے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کونسل کے نام نہاد انتخابات پر جمہوری دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔ بی جے پی کی نام نہاد جمہوریت صرف بندوق dکے زور پر کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے ہے۔ 5 اگست 2019 ء سے محاصرے کے ذریعے کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ بھارتی قیادت کے جھوٹے دعوے کشمیر کے عوام کی آواز نہیں دبا سکتے۔ نہ عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکتے ہیں۔ بھارت معاملات کو الجھانے کی بجائے کشمیر سے غیرقانونی قبضہ ختم کرے کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق رائے دہی دیا جائے۔
محاصرے کی آڑ میں 2کشمیری شہید: پاکستان نے جمہوریت کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا
Dec 27, 2020