لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ پولیس،انتظامیہ اور قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کو شاباش دی ہے۔ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے شاندار طریقے سے فرائض سرانجام دیئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے مؤثر اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔ نئے پاکستان میں مسیحی برادری نے محفوظ اوربہترین ماحول میں کرسمس کی تقریبات منائیں۔ یوم قائد کی تقریبات کیلئے بھی شاندار انتظامات کئے گئے، صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔ متعلقہ محکموں اوراداروں نے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طبیعت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق آئسولیشن میں ہوں تاہم صوبے کے ضروری انتظامی امور گھر سے باقاعدگی سے نمٹا رہا ہوں۔ کرونا کی موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اپوزیشن کے عوامی اجتماعات کے باعث کرونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔ عوام کی زندگیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ متعلقہ محکمے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں ۔ کابینہ کمیٹی صورتحال کو مانیٹر کرتے ہوئے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ہر ضروری قدم اٹھائے۔ دوسری لہر شدت اختیار کررہی ہے، عوام سے احتیاط کی اپیل ہے۔ کرونا سے بچاؤ کیلئے کسی کوبھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے۔ عثمان بزدار نے نامور محقق، نقاد و ناول نگار شمس الرحمن فاروقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔
کرونا کی موجودہ صوتحال میں اجتماعات کرنا زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف : عثمان بزدار
Dec 27, 2020