6کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت،عالمی برادری بھارت کا محاسبہ کرے:پاکستان

Dec 27, 2021


اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان نے 6 نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وادی میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، بھارتی قابض فورسز نے جعلی مقابلوں میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ گزشتہ روز 19 سالہ طالبعلم کو ضلع اسلام آباد میں شہید کیا گیا۔ اور رواں ماہ دسمبر میں بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں 18 معصوم کشمیری شہید کیے گئے۔ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ خطے میں اپنا جبر مزید تیز کر دیا ہے۔ کشمیریوں کے ماورائے عدالت، جعلی مقابلوں اور تلاش آپریشنز میں قتل میں تشویشناک اضافہ ہوا۔ شہداء کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں۔ شہداء کے جسد خاکی نامعلوم قبروں میں دفنانے کا سلسلہ اپریل سے جاری ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کا رویہ راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کے ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس ہے۔ بھارتی مظالم، طاقت کا استعمال غیور کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے۔ کشمیری پوری بہادری سے بھارتی ریاستی دہشتگردی، جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کشمیری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں