اومیکرون:نئی دہلی میں رات کا کرفیو،سعودی عرب کیسز بڑھ گئے،عمان میں نئی پابندیاں

Dec 27, 2021


نئی دہلی‘ لندن‘ ریاض‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعث رات کے وقت کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر میں پیر سے رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ ہو گا۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کے سبب دنیا بھر میں کرسمس ویک اینڈ پر 6 ہزار 300 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سب سے زیادہ پروازیں چینی ائیر لائنز کی منسوخ ہوئیں۔ سعودی عرب میں اومیکرون کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو گیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بوسٹر ڈوز لگوانا ضروری ہو گا۔ آئندہ مرحلے میں اومیکرون سے متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ سب حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں اور بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک سکول میں 48 بچوں اور تین سٹاف ممبر کو کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر سکول کو بند کر دیا گیا۔ اس سے قبل ایک اور سکول کے 19 طلبہ میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اسرائیلی وزیراعظم آفس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے بیٹی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود گھر پر تنہائی اختیار کر لی۔ عمانی خبر ایجنسی کے مطابق کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں کو ہی سلطنت عمان میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ کرونا ویکسین لگوانے کی شرط غیر ملکیوں پر عائد ہو گی۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 27 کروڑ 94 لاکھ 68 ہزار 752 ہو گئی ہے۔ چین کے شہر ژیان میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے ملک بھر میں کرونا کیسز میں اضافے میں تیزی آ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 ہزار 50 کرونا ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 358 افراد میں کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کرونا مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد رہی۔ ملک بھر میں کرونا کے باعث 2 اموات رپورٹ ہویں جس کے بعد ملک بھر میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 29 ہزار 907 ہو گئی۔

مزیدخبریں