اسلام نے عورت کوپستی کے گڑھوں سے نکالا،باوقار مقام دیا:وسیم الحسن نقوی

Dec 27, 2021

حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) جماعت الصفہ پاکستان کے سربراہ اور معروف مذہبی سکالر بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو جو مقام اور حقوق دیئے ہیں دنیا کے دیگر مذاہب اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔وہ یہاں جامعہ حسینیہ میں رداء فضیلت کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔جس میں خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔انہوںنے کہا کہ اسلام نے عورت کو ذلت وپستی کے گڑھوں سے نکال کر اسے عزت و عظمت کی بلندیوں سے ہمکنار کیا۔لیکن آج یورپی تہذیب کی دلدادہ بعض خواتین حقوق نسواں کا نعرہ لگا کر نہ صرف اسلام سے بغاوت کررہی ہیں بلکہ اپنی عزت وعصمت کا جنازہ بھی نکال رہی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ حقوق نسواں کے نام پر میراجسم میری مرضی کی تحریک چلانا اسلام دشمنی ہے جس کے پیچھے لادینی اور غیر اسلامی طاقتوںکا ایجنڈہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہماری مائوں بہنوں اور بیٹوں کو سیدۃ النساہ حضرت خاتون جنت ؓ کی حیات طیبہ سے استفادہ کرنا ہوگا تب ہی وہ اپنی زندگیوں کو پاکیزہ بناکر دنیا وآخرت میں سرخروہوسکتی ہیں۔

مزیدخبریں