لاہور، اسلام آباد، گوجرہ، ننکانہ صاحب (نیٹ نیوز+ اے پی پی+ نامہ نگاران) پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق شدید دھند اور حدنگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخو پورہ، ایم 3 لاہور سے سمندری، ایم 4 عبدالحکیم سیگوجرہ اور ایم11 لاہور سے سیالکوٹ تک کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ گوجرہ سے نامہ نگارکے مطابق پینسرہ روڈ پر شدید دھند کے باعث بس اور ٹرالے میں تصادم، بس الٹنے کے نتیجہ میں 11مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرہ براستہ لاہور جانیوالی بس پینسرہ روڈ پر واقع شوگر ملزکے قریب ملز سے نکلنے والے ٹرالہ کے ساتھ شدید دھند کی وجہ سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجہ میں بس میں سوار 11مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ تین مسافروںکو مخدوش حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابق دھند کے باعث ننکانہ شاہکوٹ روڈ پر واقع گائوں دھوڑ کوٹ سٹاپ کے قریب ا یک تیز رفتار موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم ہوا۔ جس کے نتیجہ میں سات افراد شدید زخمی ہوگئے۔ چار افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثناء لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر ٹائر برسٹ ہونے کے حادثے کا شکار ہونے والا بین الاقوامی کارگو کمپنی کا بوئنگ طیارہ اتوار کی سہ پہر دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ نہ کر سکا۔ طیارے کو کراچی اتار لیا گیا، جس کے بعد وہ اگلی منزل پر روانہ ہوا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کارگو کمپنی کا بوئنگ 767 طیارہ اتوار کی صبح کویت سٹی سے فلائٹ ای ایس 179 کے طور پر پاکستان کے شہر لاہور کے لیے روانہ ہوا تھا۔ لگ بھگ پونے دو گھنٹے قیام کے بعد فلائٹ نمبر ڈی او 518 کے طور پر یہ جہاز اپنی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر بحرین کے لیے روانہ ہوگیا۔ واضح رہے کہ رواں سال 15 اکتوبر کو لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے دوران اسی طیارے کے ٹائر برسٹ ہوگئے تھے۔
دھند، حادثے