3ایکڑ اراضی کیلئے بڑے نے چھوٹے بھائی کو زنجیروں میں جکڑدیا 

Dec 27, 2021

خانیوال(رضا قادری سے)خون سفید ہوگیا ،جائیداد کی خاطر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو زنجیریں ڈال کر کمرے میں قید کر دیا،چار سال سے قید منظوراحمد نامی شخص حواس کھو بیٹھا،ٹھٹھرتی سردی میںکپڑے دینے کی بجائے  بوری کا لباس پہنا دیاتفصیل کے مطابق نواحی علاقہ بستی عزیز آباد میں رمضان نامی شخص نے اپنے بھائی منظور احمد کی مبینہ طور پر  تین ایکڑ جائیداد پر قبضہ کرنے کیلئے اس کو پہلے مختلف قسم کی ادویات کھلائیں اور بعد میں اسے ایک کمرے میں بند کر کے زنجیروں سے باندھ دیا۔حالات دیکھ کر بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی۔منظور احمد کی ہمشیرہ چھیمہ بی بی اس کی دیکھ بھال کرتی ہے اور اس کو کھانا دیتی ہے۔شہر کی آبادی سے محض چند کلومیٹر کے فاصلے پر قید کیے گئے اس شخص کو دن میں صرف ایک مرتبہ کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ وہ ڈر کے مارے کسی کو بتا بھی نہیں سکتی کہ اس کے بھائی کو چار سا ل سے قید کر رکھا ہے۔  نوائے وقت کو اطلاع ملنے پر بہت سارے عزیز رشتہ دار وہاںاکٹھے ہوگئے اور ظلم کی داستان بیان کرنے لگے۔منظور احمد نے ذہنی توازن کھو نے کے بعد کمرے میں بڑے بڑے گڑھے ڈال دیے اور ٹھٹھرتی سردی اور سخت گرمیوں میں بغیر کسی پردے اور دروازے والے کمرے میں زندگی کے چار سال گزار دیے۔رشتہ داروں نے بتایا کہ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی کا رروائی  شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں