جیسا لیڈر ویسے ارکان اسمبلی،استعفے منظور کر کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھو:خواجہ آصف


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی 50 کروڑ روپیہ ماہانہ تنخواہیں لے رہے ہیں، ان کا لیڈر بھی ایسا اور اراکین اسمبلی بھی ویسے ہیں، ان کے استعفے منظور کر کے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھو۔ خواجہ رفیق کی برسی پر تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ شخص کوئی کام اپنی جیب سے نہیں کرتا، لوگوں کی جیب سے کرتا ہے، ان کے اتنے سکینڈل ہیں کہ بندہ بھول جاتا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اشرافیہ کی کوتاہیوں، ذاتی مفادات کی وجہ سے عوام پستی کی طرف گئی، زکوٰة کے پیسوں کو سیاست میں استعمال کیا گیا۔ گزشتہ 75 برسوں کے سیاست دان، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سمیت سب ذمہ دار ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جس نے اس کو کھلایا اس نے اسی کا ہاتھ کاٹا، اگر یہ استعفے دینا چاہتا ہے تو خیبرپی کے میں کیوں نہیں دیتا؟۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کہتا ہے سب سیاست دانوں کو بیٹھنا ہو گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ساری قیادت جیلوں سے ہو کر آئی، یہ کہتا ہے اس کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا، جب یہ فیصلے کر رہا تھا تو جنرل باجوہ نے ضرور کھبے، سجے دیکھ لیا ہو گا۔ جس دن پرویز الٰہی ڈی نوٹیفائی ہوا ایک بندہ سروسز ہسپتال سے بھاگ گیا تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ صدر عارف علوی نے بیان دیا کہ جنرل باجوہ ہماری مدد کرتے رہے۔ اگر نواز شریف ہاں کر دیتا تو نہ نااہل ہونا تھا نہ ہی ہمارے خلاف فیصلے آنے تھے۔ نواز شریف نے کمپرو مائز نہیں کیا۔ تین، چار سال کا ایک بھیانک دور گزرا۔ نوازشریف کا جرم تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینا تھا۔ عمران خان کے تو اس سے کئی گنا بڑے جرائم ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کسی صورت بلیک میل ہو کر الیکشن نہیں کرائیں گے۔ عمران خان کو اقتدار کے علاوہ کوئی چیز عزیز نہیں۔ جس دن پرویز الٰہی ڈی نوٹیفائی ہوا ایک بندہ سروسز ہسپتال سے بھاگ گیا تھا۔ میری ذاتی رائے تھی جب عدم اعتماد ہوئی تب الیکشن کرانے چاہئیں تھے۔ ہم نے بلیک میل ہو کر قطعی طور پر الیکشن نہیں کرانا‘ حکومت کی مدت ختم ہو گی اور وقت پر الیکشن ہوں گے۔
خواجہ آصف

ای پیپر دی نیشن