سپیکر کا استعفوں کی تصدیق سے قبل دورہ پارلیمنٹ کی توہین:عمران

Dec 27, 2022


اسلام آباد+لاہور (چوہدری شاہد اجمل+نیوزرپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف گڑھی خدا بخش کے لیے دو روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے ہیں۔ رواں ہفتے بیرون ملک دورے پر روانگی زیر غور ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کریں گے۔ سپیکر اپنے دورہ سندھ کے دوران دیگر اعلی حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ برسی کی تقرب میں شرکت کے بعد سپیکر کا بیرون ملک کا دورہ بھی زیر غور ہے تاہم ابھی تک اسے حتمی شکل نہیں دی گئی ہے ، لیکن اس بات کی قوی امید ہے کہ راجہ پرویز اشرف اسی ہفتے بیرون ملک جا سکتے ہیں۔دوسری طرف عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس ہوا جس میں چودھری مونس الٰہی، سپیکر سبطین، شفقت محمود اور فواد چودھری، میاں اسلم اقبال، محمود الرشید سمیت سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف اور ق لیگ کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور اعتماد کے ووٹ پر مشاورت کی گئی۔ مہنگائی، معاشی صورتحال، پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ اور نااہل گروہ نے معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو رہی ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔ کرپٹ نااہل حکمران قوم کو حادثات کی جانب دھکیل رہی ہے۔ قوم کو کسی بڑے حادثے سے دو چار کرنے کی کوششوں پر مزاحمت کریں گے۔ اجلاس میں 2 جنوری کو پی ٹی آئی اور ق لیگ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا۔ مشترکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ چوروں کو این آر او کے تحفظ کی روش ترک کرکے فوراً الیکشن کا اعلان کیا جائے۔ ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے اعلان کے بعد سپیکر کی بیرون ملک روانگی کی مذمت کی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سپیکر کا جانبدارانہ کردار اور حکومت سے ملی بھگت، پارلیمان کی توہین ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کو زرداری کے سیاسی نابالغ فرزند کے رحم و کرم پر چھوڑنا مجرمانہ حماقت ہے۔ اس کے جواب میں ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 22 دسمبر کو پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کو جوابی خط لکھا۔ خط میں پی ٹی آئی اراکین کی ممکنہ واپسی کا خیر مقدم کیا گیا۔ پی ٹی آئی کا کوئی رکن قومی اسمبلی استعفے کی تصدیق کیلئے نہیں آیا۔ علاوہ ازیں عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی۔ لاہور میں عمران خان سے پنجاب پولیس کے سابق آئی جیز نے زمان پارک میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق آئی جیز نے پولیس ریفارمز اور کریمنل جسٹس سسٹم اصلاحات کے حوالے سے اپنے نکتہ نظر سے چیئرمین پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔ 
عمران 


لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے، مارچ، اپریل میں انتخابات ہوں گے۔ ان کو نظر آ رہا ہے یہ الیکشن نہیں جیت سکتے، اس لئے نہیں کرائیں گے، پاکستان میں الیکشن کرانے کے لیے اداروں اور سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہماری حکومت نے 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی تھیں۔ اس حکومت نے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر میں 15 لاکھ نوکریاں ختم کی ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کی بلا واپس آ رہی ہے، آج آٹے کی قیمت دوگنا ہو چکی ہے، بجلی، کچن آئٹمز غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، فواد چودھری نے بتایا کہ آج پنجاب کی سینئر لیڈرشپ کے ساتھ میٹنگ ہوئی، پی ٹی آئی کی صوبائی پارلیمانی میٹنگ کا شیڈول طے ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں پیشرفت ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی گوجرانوالہ اور گجرات کی 5 نشستوں پر ق لیگ کیخلاف امیدوار نہیں لائے گی۔ دونوں ڈویژن میں صوبائی اسمبلی کی 40 سے زائد نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ عمرن خان سے اعتماد کے ووٹ سے متعلق حتمی مشاورت کی۔ انشاءاللہ ن لیگ منہ کے بل گرے گی۔ 
فواد، مونس

مزیدخبریں