اسلام آباد (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عارف علوی کا بیان عمران خان کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو ان کے بیان کی وضاحت دینی چاہیے، عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے، ان کے صدر کہہ رہے کہ سابق آرمی چیف نے ہی ان کو سینٹ اور عام انتخابات میں مدد کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے دن ہی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا یہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، تاخیر سے ہی صحیح لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کر دیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے۔ شیری رحمن نے کہا کہ عمران خان اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسا رہے ہیں۔ مجھے اقتدار میں لائیں۔ عمران خان کو بے ساکھیوں پر سیاست کرنے کی عادت پڑ چکی ہے۔ دوسری طرف ایوانِ صدر نے کہا ہے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے غلط بیان منسوب کیا گیا۔ یہ تردید ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کی گئی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان کے بیان کو سیاق اور سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ایوانِ صدر اسلام اباد کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو توڑ مروڑ کر خود بنا کر پیش کیا گیا۔
صدر حکومت
عمران سلیکٹڈ:علوی کا بیان چارج شیٹ،شیری رحمن:غلط منسوب کیا:ایوان صدر
Dec 27, 2022