اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سیاست پاکستان کی مختلف اکائیوں اور قوم کو اکٹھا کرنے کا نام ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے بہت قربانیاں دیں، عمران خان نفرت اور انتشار کی سیاست کررہے ہیں، ہم کوئی غیرآئینی کام نہیں کریں گے، سیاسی میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تنقید کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم سب کو اتفاق رائے کی ضرورت ہے، نفرتیں بانٹنا عمران خان کو مبارک ہو، ہم مفاہمت کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے بہت قربانیاں دیں، ملک میں دہشت گردی کے واقعات پھر سے سر اٹھارہے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا، اس کے بعد اسلام آباد میں بھی دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا، پوری دنیا اس رویے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اداروں کے پیچھے کھڑی ہے، دہشت گردی کے نیٹ ورک پر جلد قابو پالیں گے۔
کائرہ